11 اگست 2014 - 15:52
چودہ اگست کو آزادی مارچ اور انقلاب مارچ ’اکٹھے چلیں گے‘:ڈاکٹر طاہر القادری

’ادارہ منہاج القرآن‘ کے سامنے منعقدہ تقریب میں موجود پاکستان عوامی پارٹی کے کارکنوں سے ڈاکٹر قادری نے یہ عہد بھی لیا کہ وہ آئندہ تین دِن اور تین راتیں وہیں دھرنہ دیں گے

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ، ڈاکٹر طاہر القادری نے اتوار کے روز ماڈل ٹاؤن، لاہور میں اپنے اعلان کردہ ’یومِ شہداٴ‘ کی تقریب میں تقریباً دو گھنٹوں پر محیط تقریر کے بعد اپنے انقلاب مارچ کےبارے میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اُدھر سے، عمران خان کا آزادی مارچ ہوگا، اِدھر سے ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب مارچ۔ دونوں اِکٹھے چلیں گے۔‘

’ادارہ منہاج القرآن‘ کے سامنے منعقدہ تقریب میں موجود پاکستان عوامی پارٹی کے کارکنوں سے ڈاکٹر قادری نے یہ عہد بھی لیا کہ وہ آئندہ تین دِن اور تین راتیں وہیں دھرنہ دیں گے۔ اور پھر، 14 اگست کو انقلاب مارچ شروع کرنے سے پہلے تک ادارہ منہاج القرآن میں رہ کر ’ایک دوسرے کی حفاظت کریں گے‘۔

یہ کارکن، جن میں کافی تعداد میں خواتین کی بھی ہے، گذشتہ کئی دِنوں سے یہاں مقیم ہیں، اور شکایت کر رہے ہیں کہ کھانے پینے کی اشیاٴ تک اُن کی رسائی نہیں ہورہی، جو، بقول اُن کے، ’حکام نے روک رکھی ہے‘۔ اور یہ کہ، اُن میں سے جو کوئی بھی باہر جاتا ہے، اُس کو حکام گرفتار کر لیتے ہیں۔

اپنے شعلہ بیاں انداز میں، ڈاکٹر قادری نے ان کارکنوں سے کہا کہ وہ پُرامید رہیں۔ لیکن، اگر کوئی حملہ کرے، تو بقول اُن کے، اُس کے ہاتھ توڑ دو۔

.......

/169